گیپکو حکام کی جانب سے 2گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان عوام کیلئے عذاب بن گیا

گجرات (جی پی آئی)گیپکو حکام کی جانب سے 2گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان عوام کیلئے عذاب بن گیا ، گجرات شہر میں 2گھنٹے کی بجائے کئی کئی گھنٹے دن اور رات کے اوقات میں بجلی بند کر دی جاتی ہے ، جس کی وجہ سے ایک بار پھر وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار کے اپنے حلقہ کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جس سے صنعتیں اور کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ، یاد رہے کہ چند روز قبل گیپکو حکام نے اعلان کیا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ 24گھنٹوں کے دوران صرف 2گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ، لیکن گجرات شہر اور دیگر علاقوں میں تو بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ ایک ہفتہ سے شروع کر دیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے تمام شعبہ ہائے زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔