ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ختم،آج مکمل کام شروع ہو جائیگا

YoungDoctors

YoungDoctors

لاہور : (جیو ڈیسک) ینگ ڈاکٹروں نے اکیس روز سے جاری ہڑتال مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ آج صبح نو بجے سے ان ڈور اور آوٹ ڈور میں کام شروع کردیا جائے گا ۔ کئی جانوں کے ضیاع، حکومت سے مذاکرات ، گرفتاریوں اور رہائیوں کے بعد آخر کار ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ہڑتال ختم کردی ۔

جناح ہسپتال لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ینگ ڈاکٹروں نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے ان ڈور اور آوٹ ڈور میں اکیس دن سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ عدالتی حکم کے بعد ینگ ڈاکٹروں کی قیادت نے یہ فیصلہ کیا۔

آج ینگ ڈاکٹرز صبح نو بجے سے ہسپتالوں میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ینگ ڈاکٹروں کے ترجمان ڈاکٹر ناصر عباس کاظمی کا کہنا تھا کہ کل کی عدالتی کارروائی کے بعد دوبارہ جنرل کونسل کا اجلاس ہو گا ۔ اگر حکومت نے سروس سٹرکچر نہ دیا تو پھر سے ہڑتال کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

اٹھارہ جون سے ینگ ڈاکٹروں کی آوٹ ڈور میں ہڑتال جاری تھی، جو حکومتی ایکشن کے بعد ایمرجنسی اور ان ڈور میں بھی داخل ہو گئی۔ ہڑتال کے نتیجے میں چودہ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔