یوروکپ فٹبال: اٹلی نے انگلینڈ کوہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

Football

Football

یوروکپ فٹبال: (جیو ڈیسک)یورو کپ فٹبال دو ہزار بارہ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں اٹلی نے انگلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد پینلٹی ککس پر دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ اس میچ کے ساتھ ہی ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی ہے۔ ماہرین کا اندازہ تھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ سخت ہوگا اور ایسا ہی ہوا۔ گیند پر قبضے کے لیئے سخت کشمکش بھی ہوئی اورگول کرنے کی جدوجہد بھی لیکن پہلا ہاف کسی گول کے بغیر ہی گذر گیا. اٹلی کا پلہ اعداد و شمار کے لحاظ سے بھاری رہا جس نے انگلینڈ کے نامور کھلاڑیوں کو قابو میں رکھا اورانگلش گول پوسٹ پر مسلسل حملے بھی کئے۔

مقررہ وقت ختم ہواتویہ مقابلہ یورو کپ دو ہزاربارہ کا پہلا ڈرا میچ بن چکا تھا ۔ دونوں حریفوں کو تیس منٹ کا اضافی وقت ملا تویہ بھی کسی کام نہ آ سکا اور میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر چلا گیا۔اٹلی نے ایک جبکہ انگلینڈ نے دو پینلٹی ککس ضائع کیں اس طرح اٹلی نے انگلینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اٹلی کی فتح کے ساتھ ہی یورو کپ کی سیمی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی ہے۔پہلا سیمی فائنل ستائیس جون کو دفاعی چیمپین اسپین اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسرا سیمی فائنل اٹھائیس جون کو طے ہے جس میں جرمنی کی ٹیم اٹلی کا سامنا کرے گی۔