یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے ،روٹس کو نو پارکنگ زون قرار دیکر ہر قسم کی گاڑی کی پارکنگ پر پابندی عائد کی جائے ۔یوم علی اور رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں عبادت گاہوں کے اطراف اور جلوس کے روٹس پر سخت حفاظتی انتظامات اور عبادت گزاروں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے متعلقہ ادارے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لائیں عباد ت گاہوں کے اطراف صفائی و ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی کو معمول کے مطابق یقینی بنا یا جائے ان خیالات کا ظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے جانب سے شاہ فیصل کالونی میں یوم علی کے سلسلے میں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور متعلقہ محکموں کو سربراہان بھی موجود تھے۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو یوم علیرضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے تمام تر صلاحیتوں اور کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے ۔یوم علی کے موقع پر شاہ فیصل کالونی میں برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ روٹس پر سڑکوں پر گڑھوں کو پُر کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں کو کارپٹنگ کی جائے قبل ازیں یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر انتظامات کے معائنے پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں امام بارگاہوں کے منتظمین اور جلوس کے پرمٹ ہولڈرز سے ملاقات کی اور اُن سے سہولیات کی فراہمی خصوصاً حفاظتی انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے منتظمین کو یقینی دلا یا کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و بھائی چارگی کے فروغ کے ساتھ سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنا نے کے لئے حق پرست عوامی نمائندے اور کارکنان تمام تر امور کی مکمل نگرانی کررہے ہیں اور انشا اللہ باہمی اتفاق اور مشاورت کے زریعے تمام امور کی انجام دہی کو یقینی بنا کر عزاداروں کو پر امن اور مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں گے۔