یکساں لوڈ شیڈنگ کے فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایات جاری

naveed qamar

naveed qamar

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے توانائی کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں ملک بھر اور خصوصاً انڈسٹریل سیکٹر کیلئے یکساں لوڈ شیڈنگ کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔توانائی کانفرنس کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق وزیر اعلیٰ پنجاب کے نمائندگان سے ملاقات میں وزیر پانی و بجلی نے یہ ہدایت جاری کیں۔

اس موقع پر سید نوید قمر کاکہنا تھاکہ انرجی کانفرنس کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے اور ڈیمانڈ اور سپلائی کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑے شہروں اور انڈسٹریل سیکٹرز میں یکساں لوڈ شیڈنگ پر عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ توانائی کانفرنس کی سفارشات کو صوبوں کے ساتھ اتفاق رائے کے ساتھ حتمی شکل دی جائے گی اور پھر ان پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ انڈسٹریل سیکٹر کیلئے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی اور لوڈ شیڈنگ شیڈول کا اعلان تجارتی تنظیموں اور چیمبرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ 76 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملنے سے 400 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گئی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے نمائندگان کو لوڈشیڈنگ کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔