نواز شریف کے چاہنے والے اسلام آباد پہنچ جائیں اور دھرنے اٹھا کر سمندر میں پھینک دیں، غلام دستگیر خان

Ghulam Dastgir Khan

Ghulam Dastgir Khan

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ قربانی کا مقصد محض جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے سامنے سرجھکانا اور جذبہء ایثار کو اپنی زندگی پر لاگو کرنا اصل میں سنت ابراہیمی ہے، عمران خان اور طاہر القادری حکومت کا تختہ الٹنے کی خواہش کو ترک کر کے آئینی و جمہوری منتخب حکومت کو تسلیم کر لیں اور عوام کی سچی خدمت کر کے آئندہ الیکشن میں ان سے ووٹ لینے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی عیادت کے لئے آئے ہوئے مسلم لیگ ن ضلع گوجرانوالہ کے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں ضلعی صدر مستنصر علی گوندل، جنرل سیکرٹری شازیہ اشفاق مٹوایم این اے، سینئر نائب صدر چوہدری یوسف سندھو، سردار خالد ملک،شہباز نثار خان، میجر(ر) الطاف چیمہ شامل تھے، سینئر راہنما نے مزید کہا مسلم لیگ ن کی حکومت چھوٹے موٹے دھرنوں اور تحریک انصاف کی مسلم لیگ ن کے پروگراموں میں شرارتیں کرانے سے مرعوب نہیں ہو گی اور اپنی آئینی مدت ہر صورت پوری کرے گی جھوٹے اور فریبی جعلی انقلابیوں نے اپنا لب و لہجہ تبدیل نہ کیا تو لیگی کارکنوں کے لئے اپنے جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہو جائے گا نواز شریف کی شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے ایسا نہ ہو کہ نواز شریف کے چاہنے والے اسلام آباد پہنچ جائیں اور دھرنے اٹھا کر سمندر میں پھینک دیں، انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکنوں نے مشرف آمریت میں مشکلات اور مصیبتیں برداشت کی ہوئی ہیں اس لئے انہیں خوفزدہ کرنا ممکن نہیں ہے۔