عوام کی منشاء اور رائے سازشوں پر غالب آ گئی، خرم دستگیر خان

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ : وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عوام کی منشاء اور رائے سازشوں پر غالب آ گئی، عوام کی دعائوں سے دھرنے والوں کے جمہوریت دشمن عزائم خاک میں مل گئے، مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو آگے لے جانے کا سفر جاری رکھے گی۔

عام آدمی کا معیار زندگی زبانی جمع خرچ اور ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھے رہنے سے نہیں بلکہ شہباز شریف کی طرح دن رات کام کرنے سے ہی بہتر ہوسکتا ہے،ان خیالات کا اظہارانہوں نے کالج روڈ پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوری نظام اور عوام کی منتخب کی ہوئی حکومت کے خلاف لندن میں بیٹھ کر سازش کرنے والوں کے عزائم اور جمہوریت دشمنی خاک میں مل گئی ہے اور عوام کی دعائوں سے مسلم لیگ ن کی حکومت پہلے کی طرح پوری لگن اور دلجمعی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور حکومت کا ایک ایک دن عوامی مسائل کو شکست دینے پر صرف ہو رہا ہے۔

بے مقصددھرنوں پر قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والے اپنے رویوں پر نظر ثانی کریں اور جمہوری حکومت کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کی راہ میں روڑے نہ اٹکائیں کیو نکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کا مستقبل جڑا ہوا ہے اور اپنے ذاتی مفادات کی خاطرحکومت کو ناکام دیکھنے کی خواہش ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے۔

خرم دستگیر خان نے کہا کہ حکومت نے عوام کوبجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لئے ٹھوس حکمت عملی اور تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں شریف برادران اگلے چند سالوں میں ملک سے لوڈشیدنگ کا خاتمہ کر کے عوام کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا کر کے دکھائیں گے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلال قدرت بٹ،ڈاکٹر ثناء اللہ، فرقان عزیز بٹ،ذوالفقار بٹ بھی موجود تھے۔