عباس ٹاؤن کا واقعہ ثبوت ہے کہ عوام گھروں میں بھی غیر محفوظ ہوچکے ہیں ‘ این جی پی ایف

کراچی: گوادر پورٹ کو چائنا کے حوالے کرنے کے فیصلے کے ساتھ سانحہ کوئٹہ کے ذریعے واضع پیغام دینے والوںنے ایران گیس پائپ لائن سمجھوتے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ ہی عباس ٹاؤن میں رہائشی علاقے اور فلیٹوں کو نشانہ بناکر خواتین و بچوں سمیت زیادہ سے زیادہ ہلاکتوں کو یقینی بنانے کی کامیاب کاروائی کے ذریعے دہشت گردی کو جو نئی جہت دی ہے۔

وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں لسانی ‘ سیاسی یا فرقہ وارانہ بنیاد وں پردہشت گردی نہیں ہورہی بلکہ اس دہشت گردی کا مقصد پاک ایران تعلقات کو سبوتاژ کرنا اور گوادر منصوبے کو تعطل کا شکار کرنا ہے جس میں یقینا بیرونی قوتیں ملوث ہیںاور ہمیں حقیقت کا ادراک کرکے مفاد پرست اور بیرونی قوتوں کے پروردہ سیاستدانوں کو اقتدار میں لانے کیلئے جمہوریت کے نام پر انتخابی ڈرامہ رچانے کی بجائے سلامتی وطن اور تحفظ عوام کو اولین ترجیح قرار دینا چاہئے کیونکہ پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین دور میں داخل ہوچکا ہے ۔

اور بات اب جمہوریت کے تحفظ سے بہت آگے دفاع وطن اور تحفظ عوام تک جاپہنچی ہے اسلئے اب سخت فیصلے کرنے اور سلامتی وطن کیلئے کردار ادا کرنے کا وقت آن پہنچا ہے کیونکہ پاکستان قائم رہے گا تو جمہوریت بھی آہی جائے گی اور عوام زندہ رہیں گے تو انتخابات بھی یقینا کرائے جاسکیں گے لیکن تحفظ پاکستان کے ذمہ داروں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو تاریخ میں پاکستان و عوام کو پہنچنے والے ہر نقصان کا ذمہ دار انہیں قرار دیا جائے گا ۔