احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو طلب کرلیا

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پولو گراونڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے آئندہ سماعت کو طلب کر لیا ہے جبکہ نیب کو ملزم کے خلاف تین دیگر ریفرنس میں گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پانچ کرپشن ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزم کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ آصف زرداری پیش کیوں نہیں ہوئے۔

فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ انہیں کافی دھمکیاں ملی ہیں، سیکورٹی انتظامات کے بعد آئندہ سماعت پر پیش ہو جائیں گے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ انہیں نیب کی جانب سے تاحال کوٹیکنا ریفرنس کی کاپی فراہم نہیں کی گئی، جس پر عدالت نے نیب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری ریفرنس کی نقل فراہم کرنے کا حکم دیا۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ایس جی ایس، ارسس ٹریکٹرز اور اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے دوبارہ عائد کرنے کی ضرورت نہیں، وہیں سے ٹرائل کو آگے بڑھایا جائے۔

نیب نے اس بات کی تائید کی جس پر عدالت نے تینوں ریفرنس میں استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔