اچلاس اور بلوچستان میں ہونیوالی دہشت گردی کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، علامہ ساجد نقوی

اسلام آباد : قائد ملت جعفریہ و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام سربراہ نے چلاس اور بلوچستان میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں سانحات کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں، دہشت گرد ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، حکومت فوری طور پرسنجیدہ اقدامات اٹھائے۔

انہوںنے گزشتہ روز چلاس میں سانحہ نانگا پربت کی تحقیقاتی ٹیم پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے اور بلوچستان سے پنجاب آنیوالی بسوں پر کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں حکومت ان دہشت گردوں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ جب تک امن وامان کی صورتحال کو بہتر نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک معاشی طور پر بھی مستحکم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بے یار و مددگار مسافروں سمیت کسی کی بھی جان محفوظ نہیں ہے اور دہشت گرد جہاں چاہتے ہیں بے گناہوں کوخون میں نہلا دیتے ہیں، اب تک بے شمار دہشت گردی کے دل ہلا دینے والے واقعات رونما ہوچکے ہیں مگر ابھی تک اس حوالے سے حکومت کی موثر حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔ انہوںنے کہاکہ ذمہ دار ان صرف مذمتی بیانات کی حد تک نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائیں۔

انہوںنے مطالبہ کیا کہ مذکورہ بالا واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ جب تک دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی نہیں کی جاتی اس وقت تک معصوم جانوںکا ضیاع ہوتارہے گا، عوام اس وقت شدید اضطراب اور بے چینی کا شکار ہیں عوام کوتحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔