دوبارہ پولنگ : پیپلز پارٹی نے ایک قومی 4 صوبائی نشستیں جیت لیں

Re-polling

Re-polling

سندھ (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے سندھ میں قومی اسمبلی کے ایک جبکہ صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں میں میدان مار لیا جبکہ این اے230 تھر پارکر میں تحریک انصاف کے امیدوار شاہ محمود قریشی نے کامیابی حاصل کر لی۔ سندھ کے علاقے تھرپارکر میں قومی اسمبلی کے حلقہ 229 اور 230 جبکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ62 اور 63 کے 47 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوئی۔ دو پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

این اے 229 تھرپارکر سے پیپلزپارٹی کے فقیر شیر محمد نے 86 ہزار742 ووٹ لے فتح سمیٹی جبکہ آزاد امیدوار ارباب خان نے 84 ہزار 877 ووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ این اے 230 تھرپارکر میں تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی60 ہزار250 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار نور محمد شاہ جیلانی نے49 ہزار400 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

پی ایس 62 تھرپارکر میں پیپلزپارٹی کے مخدوم نعمت اللہ نے 36 ہزار 448 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار ارباب انور جبار نے 28 ہزار 416 ووٹ لئے۔ پی ایس 63 تھرپارکر سے پیپلز پارٹی کے امیدوار دوست محمد رحموں نے 31 ہزار 834 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ آزاد امیدوار غلام حیدر سمیجو نے 27 ہزار 474 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پی ایس 17 کندھ کوٹ میں تین پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ ہوئی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار عابد خان سندرانی نے 20 ہزار 531 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کر لی۔

جبکہ جے یو آئی کے امیدوار راجہ غوث بخش بجارانی 18 ہزار 849 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ادھر پی ایس 14 جیکب آباد میں سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر دوبارہ گنتی کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے سردار مقیم کھوسو کے 15 ہزار838 جبکہ مسلم لیگ ن کے محمد اسلم ابڑو کے15 ہزار 776 ووٹ نکلے۔ اس طرح سردار مقیم خان کھوسو نے 62 ووٹو ں کی برتری کے ساتھ میدان مار لیا۔