موڑ ایمن آباد گردوارہ روہڑی صاحب آئے ہوئے سکھ شہریوں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام

گوجرانوالہ : کینیڈا سے موڑ ایمن آباد گردوارہ روہڑی صاحب آئے ہوئے سکھ شہریوں کے اعزاز میں ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے اپنی رہائشگاہ پر خصوصی ظہرانہ کا اہتمام کیا جس میں سکھ برادری کے افراد نے جسبیر سنگھ کی قیادت میں بھرپور شرکت کی اور ایم پی اے محمد توفیق بٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہری بہت پرخلوص اور باوقار شخصیت کے مالک ہیں جو مہمان نوازی کے تمام تقاضے پورے کرنے کیساتھ ساتھ ہمارے مذہبی مقامات کے تقدس کا بھی بھرپور خیال رکھتے ہیں، سکھ رہنمائوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمارے اثاثوں کی جس طرح حفاظت کی ہے۔

ہم اس پر پنجاب حکومت اور میاں برادران کے مشکور ہیں جن کی وجہ سے ہمیں پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات پر جاتے ہوئے بھرپور تحفظ کا احساس ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم واپس جا کر کینیڈین کمیونٹی کو بتائیں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں پر سرمایہ کاری کے روشن امکانات ہیں، اس موقع پر ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے سکھ رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام مذاہب کے افراد کو ان کے بنیادی حقوق باہم مہیا کر رہی ہے، اور اسمبلیوں میں تمام مذاہب کے افراد کی نمائندگی موجود ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھی تمام اقلیتوں کو نمائندگی دی جائے گی۔ ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پاکستان میں رہنے والی سکھ کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑا سپیشل سیٹ پر ایم پی اے منتخب کروایا تاکہ سکھوں کے مسائل باآسانی حل ہو سکیں اور اس کمیونٹی کا افراد کو احساس محرومی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔