ائیرپورٹس پر پروازوں سے پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

PIA

PIA

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ائیرپورٹس پر پرندے ٹکرانے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ملک بھر کے ائیرپورٹس کے قریب جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بڑھنے لگے ہیں جس سے ائیر پورٹ اور ائیرلائنز انتظامیہ پریشان ہیں۔

ملک کے مختلف ائیرپورٹس کے قریب پرندے ٹکرانے کی بڑی وجہ صدقے کا گوشت ہے جو لوگ گھروں کی چھتوں پر ڈال دیتے ہیں، ہوائی اڈوں کے قریب پرندوں کی بڑھتی آبادی کی بڑی وجہ بعض قریبی رہائشیوں کی جانب سے صدقے کا گوشت چھتوں پر رکھنا ہے۔

ارد گرد شادی ہالز کی بھرمار کے باعث بھی پرندوں نے وہاں مستقل ٹھکانے بنا لیے ہیں جب کہ ائیر پورٹ انتظامیہ محض عید الاضحیٰ پر آلائشیں تلف کرنے کے لیے مہم چلاتی ہے۔

لاہور ائیرپورٹ کے قریب بھی ایک گھر کی چھت پر صدقے کا گوشت رکھا جاتا ہے، قریبی رہائشیوں نے کئی مرتبہ شکایت کی لیکن پولیس اور ہاؤسنگ سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر برڈ شوٹرز کے علاوہ بلارے کا بھی بندوبست ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو بھی مطلع کیا جاتا ہے۔

پی آئی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق 9 ماہ کے دوران مختلف ائیرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 60 واقعات پیش آئے جن میں سب سے زیادہ 21 واقعات لاہور ائیرپورٹ کے گردونواح میں ہوئے۔

اسلام آباد میں 13، کراچی میں 8، پشاور 6، سکھر 4، گلگت 3 جب کہ کوئٹہ اور ملتان میں پرندوں کے جہاز سے ٹکرانے کا ایک ایک واقعہ پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں دو اور شارجہ میں بھی پرندے کے ٹکرانے کا ایک واقعہ ہوا۔

ان واقعات میں پی آئی اے کے بوئنگ 777، اے 320 اور اے ٹی آر طیاروں کو نقصان پہنچا۔