آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کراچی ککرز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

کراچی : رحیم محمڈن اور اُسامہ اسپورٹس کے زیر اہتمام شاہ فیصل کالونی فٹ بال اسٹیڈیم میں منعقدہ آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے اہم میچ میں کراچی ککرز کورنگی نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ینگ پرنس سلطانہ آباد کو 3-1سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

میچ کے دوران کھیل کے پہلے ہاف میں ینگ پرنس کی ٹیم کو 1-0کی برتری حاصل تھی جو ان کے کھلاڑی شفیق خان نے اسکور کیا دوسرے ہاف میں کراچی ککرز کورنگی کی اپنی کھیل میں برتری پیدا کرتے ہوئے 3گول اسکور کئے ینگ ککرز کے کھلاڑی امین نے دو اور فیصل مدنی نے ایک گول اسکور کئے ینگ پرنس نے بھی اپنی کامیابی کے لئے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا تاہم گول اسکور کرنے میں ان کو ئی بھی کھلاڑی کامیاب نہ ہوسکا۔

جبکہ کھیل کے دوران ینگ پرنس سلطانہ آباد کے گول کیپر سہیل احمد نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی ککرز کی جانب سے کئی حملوں کو ناکام بناتے ہوئے کئی یقینی گول روک لیا اس موقع پر گرائونڈ میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے نوجوان کھلاڑی کو شاندار گول کیپنگ پر بھر پور داد پیش کی میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مہمان خصوصی چیئر مین شہباز گرین عمر زاد روغانی سے کرایا گیا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کو آل سندھ انور خان ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں اور کھیل کے ذریعے امن اور بھائی چارگی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔میچ میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش،اسد اور سلیم شاہ نے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض خان افسر نے انجام دیئے۔