الطاف شاہ شیرازی کی ساتھیوں سمیت آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت

کراچی (محمد علی جعفری ) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینٔر نائب صدر اور چیف آرگنائزر سندھ سردار غلام مصطفی خاصخیلی نے ٹھٹہ ڈسٹرکٹ کے الطاف شاہ شیرازی کو آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا ۔تفصلات کے مطابق ٹھٹہ ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے اعجاز شاہ شیرازی ( رکن صوبائی اسمبلی ) کے داماد الطاف شاہ شیرازی مسلم لیگ (ن) کے صدر اورسابق خدمت کمیٹی کے ممبر عبدالحسین مہندرو،پاکستان تحریک انصاف سجاول کے صدر سجاد لوہار اور جنرل سیکریٹری محمد افضل نے اپنے ساتھیوں سمیت آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے چیف آرگنائز ر سردار غلام مصطفی خاصخیلی نے کہا کہ الطاف شاہ شیرازی اور ان کے دیگر ساتھیوں کی اے پی ایم ایل میں شمولیت کے اقدام کو سراہتے ہیں۔

ان کا یہ اقدام جرأت مندانہ ہے اور ٹھٹہ کی عوام کیلئے مستقبل قریب میں خوش آئند ثابت ہوگا۔اس موقع پر الطاف شاہ شیرازی نے کہا کہ ہم نے ماضی میں پرویز مشرف کے جرأت مندانہ فیصلوں کو دیکھتے ہوئے اور موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام کا جو استحصال کر رکھا ہے اسے دیکھتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ پر اعتماد کرتے ہوئے شمولیت اختیار کی ہے تاکہ آئندہ ملک کی تقدیر لٹیروں ،چوروں اور بددیانت حکمرانوں کے ہاتھ میں نہ جائے اور صرف پرویز مشرف ہی مو جودہ دور میں عوام کے اصل مسیحا ہیں اور انھوں نے کہاکہ ٹھٹہ اور سجاول سے 100سے زائد اہم شخصیات کی شمولیت آل پاکستان مسلم لیگ کی حقیقت اور پرویزمشرف کی سچائی ،محنت اور دیانتداری کی علمبرداری کا منْہ بولتا ثبوت ہے وہ وقت دور نہیں جب ملک پاکستان کی ترقی کا تالا آل پاکستان مسلم لیگ کھولے گی۔