امریکا میں مردہ قرار دیا گیا شخص پینتالیس منٹ بعد پھر زندہ ہو گیا

Dead Man Live

Dead Man Live

اوہائیو (جیوڈیسک) امریکی ریاست اوہائیو میں مردہ قرار دیا گیا شخص پینتالیس منٹ بعد پھر زندہ ہو گیا۔ اہل خانہ نے واقعے کو قدرت کا کرشمہ قرار دے دیا۔ ریاست اوہائیو کے شہر ڈیٹن میں سینتیس برس کے ٹونی ییل کی سانسیں بے ترتیب ہوئیں تو اس کی بیوی اسے اسپتال لے گئی جہاں اس کے دل کی دھڑکن رک گئی اور دل نے کام کرنا بند کر دیا تو کارڈیالوجسٹ ڈاکٹ رراجہ نذیر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پینتالیس منٹ تک وہ لاش کی طرح ساکت رہا۔

اس دوران اس کاسترہ برس کا غم زدہ بیٹا لارنس دوڑتا ہوا باپ کی لاش سے لپٹ گیا اور بے اختیار اس کے لبوں سے نکلا ڈیڈ تم آج نہیں مر سکتے۔ یہ جملہ زبان سے ادا ہونا تھا کہ ٹونی کے جسم سے لگی مشین میں حرکت ہوئی اور پھر وہ باقاعدہ اپنا کام کرنے لگی اور ٹونی پھر جی اٹھا۔ یہ دیکھ کر ڈاکٹر راجہ حیران رہ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا نہ پہلے کبھی سنا نہ دیکھا۔ اس راز سے پردہ اٹھانے کیلئے تحقیق کر رہے ہیں۔ واقعے کے بعد ٹونی روبہ صحت ہے، اسے اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے اور پیر سے وہ اپنے کام پر واپس جانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔