امریکا نے خطے میں اپنی موجودگی کے اختتام کا آغاز کر دیا: جواد ظریف

Jawad Zarif

Jawad Zarif

تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکا نے خطے میں اپنی موجودگی کے اختتام کا آغاز کر دیا ہے۔

دو روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی عراق میں امریکی راکٹ حملے میں جاں بحق ہوئے جس پر ایران نے امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ وہ جلد امریکا کی اس عارضی خوشی کو سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔

اس حوالے سے ماہرین نے خبردار بھی کیا ہے کہ ایران، امریکی اداروں پر سائبر حملے بھی کر سکتا ہے۔

ایسے میں ایرانی وزیر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے عالمی دہشتگردی کی ہے، امریکا نے انتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام اٹھایا ہے جس کی قیمت انہیں چکانی پڑے گی۔

تاہم اب انہوں نے ایک اور سوشل میڈیا بیان میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے خطے میں اپنی موجودگی کے خاتمے کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ عراقیوں نے جنرل سلیمانی کی موت کا جشن منایا، لاکھوں عراقیوں نے جنرل سلیمانی کے جنازے میں شرکت کر کے امریکی وزیر خارجہ کو جواب دے دیا ہے۔