امریکا میں برفانی طوفان سے سردی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

Snow Storm

Snow Storm

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا میں برفانی طوفان سے سردی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، شدید سردی سے دریا برف بن گئے، نیاگرا فال بھی جم گئی، معلومات زندگی شدید متاثر ہیں، برطانیہ میں منچلوں نے سیلابی پانی میں سرفنگ شروع کر دی۔

شمالی اور وسطی امریکا ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ برفانی طوفان سے سردی کے بیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

جارجیا، ولکنسبرگ، پنسلوانیا اور دوسرے بہت سے شہروں میں ریکارڈ برف باری سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ امدادی ٹیمیں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نیو جرسی میں سردی کی شدت سے دریا بھی برف بن گئے ہیں جبکہ نیویارک میں بھی بحری جہاز منجمد دریا میں پھنس گئے۔

قطب شمالی کی جانب سے آنے والی سرد ہواؤں کے باعث مشہور زمانہ آبشار نیاگرا فال بھی جم گئی۔

دوسری طرف برطانیہ میں ہونے والی شدید بارشوں کو عوام نے تفریح کا ذریعہ بنا لیا اور منچلوں نے سڑک پر ہی بارش کے پانی میں سرفنگ شروع کر دی۔