امریکی ڈالر 10 پیسے کی کمی سے 99 روپے 50 پیسے کا ہو گیا

Dollar

Dollar

کراچی (جیوڈیسک) نئے مالی ہفتے کے آغاز پر اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی نمایاں کمی کے باعث روپے کی نسبت ڈالر کی قدر 10 پیسے گھٹ کر 99.50 روپے ہو گئی۔ تاہم انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10 پیسے کے اضافے سے 97.80 روپے ریکارڈ کی گئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے بتایا کہ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا دارومدار اب صرف انٹربینک مارکیٹ ریٹ پر منحصر ہے، اگر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گار بڑھ گئے اور ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا تو اس کے اثرات اوپن مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے۔

ضرورت اس امر کی ہے تجارتی بینک باہمی لین دین کے دوران ڈالر کی مطلوبہ قدر کو مدنظر رکھیں تاکہ سٹے بازوں کو ڈالر کی قدر میں غیر ضروری اضافے کا موقع نہ مل سکے۔