امریکی وزیر خارجہ کی خطے کے دورے کے اگلے مرحلے میں الریاض آمد

Mike Pompeo

Mike Pompeo

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اپنے مشرقِ اوسط کے دورے کے اگلے مرحلے میں اتوار کو سعودی دارالحکومت الریاض پہنچ گئے ہیں۔وہ سعودی قیادت سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

واشنگٹن میں متعیّن سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر عادل الجبیر نے امریکی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا الریاض کے ہوائی اڈے پر خیرمقدم کیا۔انھوں نے اپنی آمد کے فوری بعد عادل الجبیر سے مختصر ملاقات کی۔

اس سے پہلے مائیک پومپیو نے آج قطر کے دارالحکومت دوحہ کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں العبید ائیربیس کی توسیع اور تزئین نو کے لیے قطر ی حکام کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کیے ہیں۔العبید امریکی فوج کے زیر استعمال اڈا ہے اور وہاں قریباً دس ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

انھوں نے دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطر کے چار ہمسایہ عرب خلیجی ممالک کا بائیکاٹ کچھ زیادہ ہی طول پکڑ گیا ہے لیکن مستقبل قریب میں اس تنازع کے حل کے لیے کسی نمایاں پیش رفت کا امکان بھی نظر نہیں آرہا ہے۔