منظور وٹو پارٹی عہدہ، اعتزاز سینیٹ کی نشت چھوڑنے کو تیار

Manzoor Wattoo

Manzoor Wattoo

لاہور(جیوڈیسک)سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کی شکست کے بعد سینیٹ کی نشست چھوڑنے کے لئے تیار ہیں جبکہ میاں منظور احمد وٹو نے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ انتخابات میں ٹرن آئوٹ غیر متوقع تھا۔

کچھ حلقوں میں 100 فیصد جبکہ بعض میں پولنگ 150 فیصد تک رہی۔ حلقہ 124 سے شکست کے حوالے سے انہوں نے کہا یہ شکست ان کی اہلیہ کی نہیں بلکہ اعتزاز احسن کی شکست ہے۔ دوسری طرف پنجاب میں پیپلز پارٹی کی ہار کے بعد میاں منظور احمد وٹو نے بھی صوبائی صدارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود بھی استعفی دے چکے ہیں۔ منظور وٹو، بلاول بھٹو کو ایک خط بھی ارسال کر رہے ہیں جس میں وہ انہیں پنجاب میں شکست کی وجوہات سے آگاہ کریں گے۔ منظور وٹو آج شام پریس کانفرنس میں اپنے مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔