مسلح افواج ملک کیخلاف کسی بھی جارحیت کیلئے تیار ہے، آرمی چیف

Army Chief

Army Chief

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ مسلح افواج ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، کہتے ہیں افواج کی کامیابی کا انحصار پیشہ وارانہ تیاریوں کے ساتھ عوام کے تعاون پر بھی منحصر ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جنگی مشقوں عزم نو چہار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت سے نمٹنے اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی کامیابی کا دارومدار پیشہ وارانہ تربیت اور تیاریوں کے ساتھ عوام کے تعاون پر ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تربیت اطمینان بخش ہے، جنگی مشقوں میں حصہ لینے والوں کے عزم اور کارکردگی کو بھی سراہا۔

عزم نو جنگی مشقوں کا آغاز تین جون کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوا تھا۔تقریب میں ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور دیگر پاک فضائیہ کے دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔