ارمینا خان نے پریانکا چوپڑا کی دہلی فسادات پر خاموشی پر سوال اٹھا دیا

Armina Khan and Priyanka Chopra

Armina Khan and Priyanka Chopra

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکارہ ارمینا خان نے دہلی میں مسلم کش فسادات اور مساجد کو جلانے جیسے واقعات پر خاموشی اختیار کرنے پر پریانکا چوپڑا پر تنقید کی ہے۔

دہلی میں حالیہ ہونے والے مسلم کش فسادات کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ افراد کے قتل عام اور ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں مساجد کو جلانے جیسے افسوسناک واقعے پر جہاں دنیا بھر میں موجود مسلمان افسردہ ہیں وہیں خود کو امن کا سفیر کہنے والی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی اس قتل عام پر خاموشی پر اداکارہ ارمینا خان نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

ارمینا خان نے پریانکا چوپڑا کی بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ پریانکا چوپڑا دہلی فسادات اور بے گناہوں کے قتل عام پر خاموش کیوں ہیں؟ یا کیا یہ خیرسگالی صرف ہندتوا اور بی جے پی کے لیے ہے؟

واضح رہے کہ ارمینا خان اس سے قبل بھی کئی بار پریانکا چوپڑا کی منافقت کا پول کھول چکی ہیں۔ گزشتہ برس پریانکا چوپڑا نے بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں جھوٹے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو نا صرف سراہا تھا بلکہ بڑھ چڑھ کرجنگ کی حمایت بھی کی تھی جس پر ارمینا خان نے پریانکا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کیا آپ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی خیرسگالی کی سفیر نہیں ہیں جو دنیا میں امن پھیلانے کی باتیں کرتی ہیں؟ آپ جنگ کی حمایت کررہی ہیں؟

اس کے ساتھ ہی انہوں نے طنزیہ اندازمیں لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ پریانکا کے اس ٹوئٹ کو اسکرین شاٹ لے کر محفوظ کرلو کیونکہ اگلی بار جب بھی پریانکا چوپڑا خیرسگالی یا امن کی باتیں کرے تو اسے یہ دکھا کر ان کی منافقت یاد کرائی جائے۔ اس کے علاوہ ارمینا خان نے یونیسیف سے پریانکا کو امن کی سفیر سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔