فوج بلانے کا مطالبہ جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے: خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنماں نے کراچی میں فوج بلانے کا مطالبہ کر کے بحیرہ سیاست میں ایک طوفان برپا کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ایم کیو ایم کا مطالبہ جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کا کہناہے کہ ایم کیو ایم اب حکومت میں نہیں اس لئے فوج بلانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

ایم کیو ایم کی طرف سے کراچی میں فوج بلانے کے مطالبے پر سیاسی جماعتوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے بیان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کہتے ہیں کراچی فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کہیں کوئی سازش تو نہیں۔ ایم کیو ایم کی قیادت نے اس سے پہلے بھی بڑے بڑے مطالبات کیے ہیں۔

صبح ایک مطالبہ کرتے ہیں شام کو مکر جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا بیان سیاسی بلنڈر ہو سکتا ہے۔ ایم کیو ایم کا مطالبہ جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کا کہنا ہے اب حکومت میں نہیں تو ایم کیو ایم فوج بلانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

مسلم لیگ نواز کے عابد شیر علی کا کہنا تھا سیاسی جماعتوں کے نہیں مسلح ونگ کے خلاف ہیں۔ سینیٹر بابر اعوان کا کہنا ہے فوج بلانے کا مطالبہ کرنے والے اسمبلیوں کی رکنیت سے استعفی دیں۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں حیرت ہے ایم کیو ایم کراچی میں فوج بلانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔