گرفتار وکیل رہا کرنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

Lawyers Protest

Lawyers Protest

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے وکلا نے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے وکلا پر مقدمات خارج کرکے انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

گذشتہ روز ڈی چوک میں وفاقی دارالحکومت کے وکلا نے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرائے جانے والے چیمبرکی دوبارہ تعمیر، وکلا پر مقدمات خارج کرکے انہیں رہا نہ کیا گیا تو ملک بھرمیں احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

اسلام آباد بار کے وائس چیئرمین ذوالفقار عباسی، اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر حسیب چوہدری،عادل عزیزقاضی، علیم عباسی، فریدکیف کے علاوہ راولپنڈی، گوجرخان، گوجرانوالہ اور ٹیکسلا بار کے نمائندے بھی موجودتھے۔ وکلا نے ایف ایٹ کچہری سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جس کے دوران اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ پولیس میں ہمت نہیں کہ ہمارے خلاف کاروائی کرے، اگر یہ ہم پر شل بھی پھینکیں تو ہم پچھے نہیں ہٹیں گے،وکلا کا الگ جوڈیشل اور کورٹ کمپلیکس بنایا جائے، گھروں میں غیر قانونی چھاپے نہ مارے جائیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ دیکھیں کہ وکلا اور ججز کو کون لڑا رہا ہے،آج ہم اپنے حقوق کے لیے آئے ہیں،ہم کوشش کر رہے ہیں کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو ،ہمیں بند گلی میں نہ دھکیلا جائے،اگر بند گلی میں دھکیلا گیا تو ہم بھی ردعمل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جنگ وکلا کے بقا کی جنگ ہے، جب تک چیمبر تعمیر نہیں ہوں گے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے،آج کی ریلی تو صرف ایک ٹریلر تھا ، ابھی فلم باقی ہے،48 گھنٹوں میں ہمارے مطالبات مانے جائیں ، سیشن جج کا تبادلہ کیا جائے،دو دن میں مطالبات نہ مانے گئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔