آصف زرداری کا عمران خان کو فون، شفاف انتخابی عمل کیلئے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت

Asif Ali Zardari, Imran Khan

Asif Ali Zardari, Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے شفاف انتخابات کے لئے تحریک انصاف کی کوششوں کی حمایت کی۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے درمیان 10 منٹ گفتگو ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے تحریک انصاف کے عام انتخابات میں دھاندلی پراختیار کئے گئے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے شفاف انتخابی عمل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری نے شفاف انتخابات کے لئے کی جانے والی کوششوں پر تحریک انصاف کو حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات سے ہی ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہوسکتی ہے اس لیے الیکشن سے متعلق تحریک انصاف کے موقف کی حمایت کریں گے جبکہ عمران خان نے موقف کی حمایت کرنے پر آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور عمران خان کے درمیان آزادی مارچ پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی تاہم سابق صدر نے عمران خان کو چار حلقوں کی دوبارہ گنتی کے موقف پر حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔