عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء محمد شفیق پر تنظیمی دورے کے موقع پر بھینس کالونی میں قاتلانہ حملہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے سنیئر رہنماء محمد شفیق پر گزشتہ روز تنظیمی دورے کے موقع پر نامعلوم مسلح افراد نے بھینس کالونی کے علاقے میں قاتلانہ حملہ کر دیا تا ہم وہ ساتھیوں کی مزاحمت کے باعث محفوظ رہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے این پی ضلع ملیر کے سینکڑوں کارکنان بھینس کالونی پہنچ گئے اور دہشتگردوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

اے این پی کے دیگر رہنمائوں کی طرح محمد شفیق نے بھی کبھی دہشت گردوں کے آگے ہار نہیں مانی یہی وجہ ہے کہ وہ دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر آگئے اس موقع پر اے این پی کے رہنماء محمد شفیق نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے ملک میں بے گناہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپنی جان تو دے سکتے ہیں مگر دہشت گردوں کے مذموم مقاصد میں ان کے آلہ کار نہیں بن سکتے۔ عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملیر کے رہنمائوں نے محمد شفیق پر قاتلانہ حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور عبرتناک سزا کا مطالبہ کیا ہے۔