آزاد کشمیر: نکیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ، 2 افراد زخمی

Azad Kashmir

Azad Kashmir

مظفر آباد (جیوڈیسک) مظفر آباد بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی جاری نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ گزشتہ روز شکمہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے کیپٹن شہید اور سپاہی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ روز سکردو کے قریب شکمہ سیکٹر میں گزشتہ رات 11 بج کر 15 منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سرفراز شہید جبکہ سپاہی یاسین شدید زخمی ہو گیا تھا۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھی بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا۔ فائرنگ کا سلسلہ 2 بج کر 15 منٹ تک جاری رہا۔ گزشتہ دنوں میں پاکستان اور بھارت دونوں کے درمیان سرحد پر اور خصوصا لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل اسی مہینے میں بھارت نے تیرہ اگست کو پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے بھارت کی دس چوکیوں پرگولہ باری کی گئی۔ اگست ہی کے مہینے میں آٹھ اگست کو بھارت نے پاکستانی فوج پر الزام عائد کیا تھا کہ جموں میں لائن آف کنٹرول کے قریب پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کرنے والے حملے میں پاکستانی فوجی ملوث تھے اور اس واقعے کے مضمرات پاکستان کے ساتھ رشتے پر نظر آئیں گے۔

لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر پیش آنے والے واقعات پر پاکسانی وزارتِ خارجہ نے اسلام آباد میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو بھی طلب کر کے احتجاج کیا۔ واضع رہے کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری معمول بنتی جا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کے بڑھتے واقعات پر پاکستان نے اقوام متحدہ سے تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا تھا۔