باجوڑ اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں 100 فیصد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کا دعویٰ

Polio Vaccination

Polio Vaccination

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ میں صوبے کے قبائلی اضلاع باجوڑ، شمالی و جنوبی وزیرستان اور کرم میں سو فیصد بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق حالیہ پولیو مہم کے دوران صوبے کے 5 اضلاع میں 100 فیصد جب کہ 13 اضلاع میں 98 فیصد پولیو ویکسنیشن کا ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔ قبائلی اضلاع نے خیبر پختونخوا کے بندوبستی علاقوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سو فیصد پولیو ویکسنیشن کا ٹارگٹ کامیابی سے حاصل کرلیا۔ باجوڑ، شمالی اور جنوبی وزیرستان اور کرم میں 5 سال سے کم عمر کے سو فیصد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکیسن کے قطرے پلائے گئے۔ ضلع مہمند اور ہنگو میں 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پشاور میں 4 فیصد، ٹانک 5، ڈیرہ اسماعیل خان میں 7 فیصد بچے پولیو قطروں سے محروم رہے، صوبے میں 20 ہزار 752 والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطروں سے انکاری جب کہ 74 ہزار بچے پولیو مہم کے دوران گھروں میں نہ ہونے کی وجہ سے پولیو ویکسین سے رہ گئے۔