بلوچستان اسمبلی ہنگامہ: پولیس نے اپوزیشن اراکین کیخلاف مقدمہ خارج کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا

Opposition Members

Opposition Members

بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ نے بلوچستان اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں تمام اپوزیشن ارکین کے نام عدم ثبوت کی بنا پر خارج کرنے کے لیے مراسلہ لکھ دیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ اسد ناصر کی جانب سے ڈی آئی جی کوئٹہ اطہر اکرم کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں تفتیش کے دوران ان تمام اراکین اسمبلی کے حوالے دیئے گئے، لیکن شواہد میں تضاد پایا گیا اس لیے تمام 17 اراکین اسمبلی کے نام عدم ثبوت کی بناء پر ایف ائی آر سے دفعہ 169 کے تحت خارج کر دیئے جائیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں بجٹ سیشن کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے معاملے پر 17 اپوزیشن اراکین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن اراکین نے بجلی روڈ تھانے میں 10 روز تک دھرنا دیے رکھا اور پھر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر ختم کرنے کے احکامات جاری ہونے کے بعد تمام مقدمات واپس لے لیے گئے۔