بلوچستان: 2007 سے اب تک ایف سی کے 360 جوان شہید ہو چکے، آئی جی ایف سی

Ijaz Shahid

Ijaz Shahid

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی جی ایف سی اعجاز شاہد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے ایک سیاسی شخصیت کو گرفتار کیا گیا، اس کے قبضے سے ڈیڑھ ٹن دھماکہ خیز مواد ملا، بلوچستان میں اسکولوں پر کالعدم تنظیموں کے جھنڈے لہراتے تھے، اب پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کو بریفننگ دیتے ہوئے آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد کا کہنا تھا کہ سال 2007 سے اب تک ایف سی کے 360 جوان شہید ہو چکے ہیں، سال 2012 کی نسبت بلوچستان میں 2013 میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی ہوئی، بلوچستان میں پہلے اسکولوں پر کالعدم تنظیموں کے جھنڈے لہراتے تھے، اب ایسا نہیں، اب وہاں پاکستان کے جھنڈے لہرا دیے ہیں، دہشت گردی کی کارروائیوں سے پولیس کے حوصلے پست ہوئے، ایف سی نے بلوچستان میں جتنی قربانیاں دیں، انہیں سراہا نہیں جا رہا۔

آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ انہیں 28 ارب روپے درکار تھے، صرف 15 ارب دیے گئے، ان کے بجٹ پر کٹ لگا دیا گیا، شہداء کے بل بھی ادا نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ لڑنے والے عناصر کو ناراض نہیں، شرپسند کہنا چاہئے۔