بینظیر ایئر پورٹ پر مسافروں سے داخلہ فیس وصولی روکنے کا حکم

Benazir Airport

Benazir Airport

لاہور(جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں سے داخلہ فیس وصولی روکنے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں ایڈووکیٹ راجہ صائم الحق ستی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی اور ڈی جی سول ایوی ایشن، چیئرمین مسابقتی کمیشن، چیئرمین نیب، منیجر لاجسٹک پارک اور ٹھیکیدار کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست کے مطابق پاکستان میں نو ایئرپورٹس میں سے کسی پر داخلہ فیس وصول نہیں کی جاتی، لیکن بینظیر ایئرپورٹ پر مسافروں اور ان کے رشتے داروں سے بیس روپے فی کس وصول کیا جاتا ہے۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ داخلہ فیس کی وصولی کی اجازت وزارت دفاع نے دی جبکہ وزارت دفاع کے وکیل نے اس کی تردید کی تھی۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے مختصر فیصلے میں ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو داخلہ فیس وصولی فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔