بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی پر جیالوں کے قافلے مزار پہنچنا شروع، انتظامات مکمل

Benazir Bhutto Mazar

Benazir Bhutto Mazar

کراچی (جیوڈیسک) بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی آج منائی جا رہی ہے، جیالوں کے قافلے مزار پہنچنا شروع ہو گئے، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی، سابق صدر زرداری اور اہم رہنما شریک ہوں گے۔

بے نظیر بھٹو کی برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو رہی ہے جہاں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جیالوں کے قافلے بینظیر بھٹو کے مزار پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو کے مزار پر قرآن خوانی اجتماعی دعا اور لنگر کی تقسیم بھی کی جا رہی ہے۔

آج جلسے کا بھی انعقاد ہو گا جس سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ میں ایک لاکھ سے زائد افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے، مزار سمیت گڑھی خدا بخش آنے والے راستوں کو پارٹی جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔

موقع پر مزار کے اطرف میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں، نوڈیرو لاڑکانہ اور گڑھی خدا بخش میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

ملک بھر سے آنے والے کارکنوں کے لیے مختلف استقبالیہ اور طبی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں، سابق صدر آصف زرداری نے بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کے ہمراہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔