بلدیاتی انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری

Municipal Election Nomination Papers

Municipal Election Nomination Papers

لاہور (جیوڈیسک) بلدیاتی الیکشن 2014 کے سلسلے میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کی 18 یونین کونسلوں میں کا نٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ امیدواروں کی ایک بڑی تعداد کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں مصروف ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق اب تک 228 درخواستیں وصول کی جا چکی ہیں۔ ننکانہ صاحب میں آج چھٹے روز بھی امیداوار اپنے اپنے سپوٹروں کے ہمراہ بلدیاتی انتخابات کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ریٹرنگ آفیسروں کے پاس پہنچے۔

ننکانہ صاحب کی 66 یونین کونسلوں میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں کے علاوہ چار میونسپل کمیٹیوں کے ممبران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ لاہور میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کروانے کا آج آخری روز ہے جس کی وجہ سے کاغذات جمع کروانے کے عمل میں تیزی آ گئی ہے۔

پنجاب میں تیس جنوری کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کیلئے کاغذات جمع کروانے کا آج آخری روز ہے۔ لاہور کی 2 سو چوہتر یونین کونسلز کیلئے چونتیس ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے ہیں جن کے دفاتر میں امیدوار بڑی تعداد میں اپنے کاغذات جمع کروا رہے ہیں۔ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے کاغذات نامزدگی کے پہلے دن تقریباً دو ہزار کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، آج دوسرے دن امیدواروں کی بڑی تعداد ریٹرننگ افسران کے دفاتر پہنچ رہی ہے۔

کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا دوسرا دن ہے۔جمعرات کو تقریباً دو ہزار امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 26 سے 29 دسمبر تک وصول اور جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

یکم جنوری سے 5 جنوری تک جانچ پڑتال ہو گی۔کاغذات مسترد یا منظور کئے جانے کے خلاف اپیلیں 6 اور 7 جنوری کو دائر کی جا سکیں گی۔ امیدوار 12 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 13 جنوری کو جاری کی جائے گی اور پولنگ 18 جنوری کو ہو گی۔