اس سے پہلے کہ

Corruption

Corruption

جب لوگ یہ کہتے ہیں کہ خدا دیکھ رہا ہے
تو میں دیکھنے لگتا ہوں کہ کیا دیکھ رہا ہے
ملکی سطح پر موجود کسی بددیانتی کا ذکر ہو یا ضلعی سطح پر ہونے والے گھپلوں کی داستاں ہمارے اذہان میں فورا سیا ستدانوں کا خیال آنے لگتا ہے۔ یہ بات نہیں کہ سیاستدانوں پر اٹھنے والی تمام انگلیاں غلط ہوتی ہیں یا ہمارے سیاستدان بہت پارسا ہو گئے ہیں، جہاں بہت سے عوامی نمائندوں پر کرپشن کے داغ ہیں وہیں بعض ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو صحیح معانوں میں خدمت خلق کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں۔

بحیثیت قوم جہاں تنقید برائے تنقید ہماری ریت بن چکی ہے وہیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہمیں لامعانی سا لگنے لگا ہے۔رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ہے عام آدمی کی کھال اتارنے کے لئے گرانفروشوں نے چھریاں تیز کر لی جائیںگی اور دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ایک سبزی فروش سے لے کر مارکیٹ کمیٹی کے افسران تک اور ان افسران کے اوپر بیٹھے دیگر اعلی عہدیداران، سبھی عیدی کے نام پر اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں مصروف ہو جائیں گے۔

دیگر ممالک میں مذہبی و ثقافتی تہواروں پر تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر چھوٹ دی جاتی ہے مگر میری قوم کا تو ہر کام ہی نرالا ہے،ہم نے اپنے مقدس تہواروں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیتے ہے اور اس مکروہ دھندا میں ایک ریڑھی بان سے لے کر اسمبلی میں بیٹھے وزیروں تک ،سبھی شامل ہوتے ہیں۔اس ملک کے باسی کسی بھی قانونی اور رفاحی کام کے لئے اس قدر متحد نہیں ہوتے جنتا کسی بھی غیر قانونی اور مفاد عامہ کے خلاف ہونے والے کام تندہی سے کام کرتے ہیں۔ ہر برے کام کے لئے اس قدر مضبوط مافیا سرگرم عمل ہے کہ اس کا سراغ لگا کر اس کے خلاف کاروائی کرنا ناممکن سا لگتا ہے۔

کیونکہ اس مافیا میں بہت سے لوگ اہل اقتدارمیں سے ہوتے ہیں۔رمضان کی آمد کے ساتھ ہی جہاں ہر شے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں وہیں ملاوٹ شدہ اور گھٹیاو غیر معیاری اشیاء کی بھی بہتات نظر آتی ہے۔رمضان المبارک میں گوشت کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔مگر آپ نے اور میں نے یہ کبھی تصور بھی نہیں کیا ہو گا کہ جو تصدیق شدہ گوشت ہم اپنے اور اپنے بچوں کے لئے لے کر جا رہے ہیں، وہ گوشت نہیں زہر ہے۔

سرکاری مذبحہ خانوں میںیا تو ڈاکٹر موجود ہی نہیں ہوتا اور اگر ہوتا ہے تو وہ ملی بھگت سے مردہ اور بیمار گوشت کو درست قرار دے کر بہت سی معصوم جانوں کے ضیاع میں اپنا حصہ ڈال رہا ہوتا ہے۔یہ مکروہ دھندا صرف سرکاری مذبحہ خانوںتک محدود نہیں بلکہ مردہ گوشت گروخت کرنا باقاعدہ ایک کاروبار بن چکا ہے۔

Banaspati Ghee

Banaspati Ghee

کئی کئی دن سے مردہ پڑے ہوئے جانوروں کو ذبح کر کے ان کا گوشت بازاروں میں فروخت کے لئے بھیج دیا جاتا ہے۔گوشت میں پانی بھر کر اس کا وزن بڑھایا جاتا ہے۔ان جانوروں کے سر، پایوں اور غلیظ انتڑیوں سے بناسپتی گھی کی تیاری کس قدر مکروہ جان لیوا دھندہ ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ۔ہمیں سرخ مرچوں کے نام پر اینٹیں، دودھ کے نام پر ہئیر ریموول پائوڈر،کولڈ ڈرنکس اور مشروبات کے نام پر زہریلا کیمیکل ملا پانی،اصل قیمت کی ادائیگی پر جعلی تیل، جعلی کھاد، جعلی ادویات دی جا رہی ہیں۔

مگر ان مکروہ دھندوں سے اپنی جیبیں بھرنے والے، کوٹھیاں اور جاگیریں بنانے والے، منرل واٹر پینے والے،سرکاری اخراجات پر چیک اپ کے لئے دبئی، لندن اور امریکہ جانے والے لوگ کیا جانے کہ ایک غریب کی کل کائنات اس کی اولاد ہوتی ہے۔

جب ان کے ان دھندوں کی وجہ سے کسی کا بھائی ، کسی کا بیٹا، کسی کا شوہر، کسی کے بڑھاپے کا واحد سہارا دنیا سے چلا جاتا ہے تو اس کے لواحقین پر کیا کیا قیامتیں ٹوٹ پڑتی ہیں۔ میرے پاس الفاظ ختم ہوئے جا رہے ہیں، سوچ رہا ہوں کہ اس سے آگے کیا لکھوں۔میں حکومت وقت سے اپیل کرتا ہوں کہ خدارا! ان مردہ گوشت بیچنے والوں،جعلی و ناقص اشیاء کی تیاری و فروخت میں ملوث تمام افراد کو فی الفور کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور اس میں اگر کسی بڑے آدمی کا نام بھی آتا ہے تو اسے بھی ہر گز، ہر گز معاف نہ کیا جائے۔اب بھی وقت ہے کہ اپنا قبلہ درست کر لیا جائے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔۔۔۔

Tajammal Mehmood Janjua

Tajammal Mehmood Janjua

تحریر: تجمل محمود جنجوعہ
tmjanjua.din@gmail.com
0301-3920428
tajammal.janjua.5 www.facebook.com/