بگ تھری کامیاب، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے عالمی کرکٹ پر اپنی اجارہ داری قائم کرلی

Big 3

Big 3

سنگاپور (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے متنازع تنظیمی ڈھانچے ( بگ تھری ) کا نیا مسودہ منظور کر لیا۔

بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ پر اجارہ داری کا خواب پورا ہو گیا۔ آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کی صدارت میں ہفتے کو سنگاپور میں ہوا۔ پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کی۔ ’’بگ تھری ‘‘ فارمولے کی منظوری کیلیے 10 فل ممبران میں سے 8 کی حمایت کی ضرورت تھی۔ نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور بنگلہ دیش نے پہلے ہی حمایت کر دی تھی جبکہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا اس کیخلاف تھے تاہم ووٹنگ کے دوران آخری مراحل میں جنوبی افریقہ نے بھی حمایت کر دی۔

پاکستان اور سری لنکا نے ووٹنگ میں حصہ نہ لیتے ہوئے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے مزید وقت مانگا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے منظورکردہ مسودے کے مطابق آئی سی سی کے ایگزیکٹو اختیارات اور مالی کنٹرول بی سی سی آئی، کرکٹ آسٹریلیا اور ای سی بی کے ہاتھ میں رہے گا جو بالترتیب بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ ہیں۔

عالمی کرکٹ کی آمدن کا بڑا حصہ انھی 3 بورڈز کو ملے گا جبکہ ٹیسٹ میچوں میں ترقی اور تنزلی کے طریقہ کار میں بھی یہ تینوں کرکٹ بورڈز تنزلی سے مبرا ہوں گے۔ اس کے علاوہ تینوں ممالک آئی سی سی کے مستقل رکن ہوں گے جبکہ چوتھا رکن آئی سی سی کے باقی 7 ممبرز کسی ایک ملک کو منتخب کریں گے۔

اجلاس میں بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن کو آئی سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے جو جولائی میں ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ’’بگ تھری‘‘ پر ہم اپنے موقف پر قائم رہے لیکن جنوبی افریقہ کے ساتھ چھوڑنے پر افسوس ہوا۔