بلاول بھٹو زرداری کی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ‘ جو کہ آج حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال فرما گئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے لواحقین کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہاہے کہ ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کی بوہرہ برادری ‘ برصغیر اور دنیا کی فلاح و بہبود کے لیے طویل خدمات قابل تعریف ہیں ‘ خاص طور پر امن کا پیغام پھیلانے کے علاوہ مذہبی اور سائنسی تعلیم کے فروغ کے لئے ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کی کوششیں قابل قدر ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کی سوگوار خاندان اور دائودی بوہرہ جماعت کے پیروکاروں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت ناقابل تلافی نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے اور ڈاکٹر سیدنا بربان الدین کی روح کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔