بالی ووڈ بلاک بسٹر فلم ’شعلے‘ کا تھری ڈی ایفکٹس کیساتھ پرومو جاری

Sholay

Sholay

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے جے ، ویرو اور گبّر اب تھر ی ڈی فارمیٹ میں اسکرین پر نظر آ ئینگے کیونکہ بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم”شعلے”کے تھری ڈی ایفکٹس کیساتھ پروموز جاری کردئیے گئے ہیں۔

کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والی فلم شعلے کو نئے انداز سے شائقین کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد فلم کو ٹو ڈی فارمیٹ سے تھری ڈی فارمیٹ میں تبدیل کیا گیا ہے۔

1975 کی اس سپرہٹ فلم پر ایک سال تک 150 تکنیکی ماہرین نے کام کیا اور پوسٹر کو بھی ایک نیا رنگ دیتے ہو ئے امیتابھ اور دھرمیندر کو ان کی پسندیدہ بائیک پر تھری ڈی گلاسز پہنے دکھایا گیا۔ دنیا بھر میں موجود اس فلم کے مداح کم و بیش 38 سال بعد 3 جنوری کو اس بلاک بسٹر فلم کو ایک بار پھر تھری ڈی ورژن میں سینما اسکرینز پر دیکھ کر محظوظ ہوسکیں گے۔