برطانیہ اور امریکا کا کووِڈ-19 ایسی نئی وباؤں سے نمٹنے کے لیے شراکت داری پر اتفاق

Joe Biden

Joe Biden

برطانیہ (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ اور امریکا نے دنیا بھر میں بیماریوں کی نگرانی کے ذریعے کرونا وائرس ایسی وَباؤں سے نمٹنے کے لیے مربوط شراکت داری سے اتفاق کیا ہے۔دونوں ملکوں کے حکام نے برطانوی شہر کارنوال میں گروپ سات کے سربراہ اجلاس کے موقع پر نئی وباؤں سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر زوردیا ہے۔

برطانیہ اس وقت دنیا کے سات امیرترین ممالک پر مشتمل گروپ کا صدر ہے اور وہ جی 7کی صدارت کو کرونا وائرس کی وَبا کے تناظرمیں عالمی سطح پر انسانی صحت کو درپیش ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیےاستعمال کررہا ہے تاکہ مستقبل میں کووِڈ-19 ایسی وبا کے مضمرات کابہترانداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کہا کہ اس وائرس کو شکست سے دوچارکرنے اور مستقبل میں ایسی بیماریوں کی روک تھام کے لیے یہ ضروری ہے کہ پوری دنیا کو برطانیہ اور امریکا کی جدید ترین نگرانی کی حامل ٹیکنالوجیزتک رسائی حاصل ہو۔

انھوں نے کہا کہ ’’ہم اپنے قریبی اتحادی کے ساتھ اس نئی تاریخی شراکت داری کے ذریعے دنیا سے بھی اپنی مہارت کا اشتراک کررہے ہیں۔اس صورت میں ہم مل جل کر لوگوں کو محفوظ رکھنے اور مستقبل میں وباؤں کوپھیلنے سے روکنے کے لیے زیادہ بہتراقدامات کرسکتے ہیں۔