برطانیہ، برازیل، ارجنٹائن میں سیلاب، بارشوں سے معمولات زندگی متاثر

Rains

Rains

لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور بجلی کی بندش سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے، برازیل میں بھی شدید بارشوں سے چوالیس افراد ہلاک ہو گئے، دوسری طرف ارجنٹائن میں پڑنے والی شدید گرمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔

برطانیہ میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور بجلی کی بندش سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں ہزاروں گھر سیلابی پانی میں گھرے ہوئے ہیں جبکہ تیرہ ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی جا سکی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، برازیل کے دو صوبوں میں بھی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔

قدررتی آفت سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں، حکومت نے ایسپیریٹو سانٹو میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے فوج کو طلب کر لیا ہے، دوسری طرف ارجنٹائن میں شدید گرمی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

درجہ حرارت چوالیس ڈگری پر پہنچنے کے بعد عوام نے پبلک پارکس اور سڑکوں پر لگے فواروں کا رخ کر لیا ہے، ماہرین کہنا ہے کہ گرمی کی لہر آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گی۔