برطانیہ: چاقو سے حملے میں تین افراد ہلاک، حملہ آور مارا گیا

Britain Knife Attack

Britain Knife Attack

لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ میں سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت گلاسگو میں چاقو سے کیے جانے والے ایک خونریز حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور خود بھی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا جبکہ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق یہ خونریز واقعہ جمعہ چھبیس جون کو مقامی وقت کے مطابق تقریباﹰ سوا بجے بعد دوپہر گلاسگو شہر کے وسطی علاقے میں ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ ایک عینی شاہد نے نشریاتی دارے سکائی نیوز کو بتایا کہ اس حملے کے بعد جائے وقوعہ پر کئی افراد خون میں لتھڑے ہوئے دیکھے گئے، جنہیں ہنگامی طبی امداد مہیا کیا جا رہی تھی۔

سکاٹ لینڈ پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل سٹیو جانسن نے بعد ازاں کہا کہ یہ واقعہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے اور وہاں ‘عوامی زندگی کو اب مزید کوئی خطرہ لاحق نہیں‘۔ برٹش میڈیا کے مطابق چاقو کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیے جانے والے تینوں افراد اس وقت حملہ آور کا نشانہ بنے، جب وہ شہر کے ایک ہوٹل میں سیڑھیاں اتر رہے تھے۔

سٹیو جانسن کے بقول، ”مسلح پولیس اہلکار فوراﹰ موقع پر پہنچ گئے تھے۔ حملہ آور، جو ایک مرد تھا، پولیس کی فائرنگ میں مارا گیا۔‘‘ سکاٹش پولیس کی فیڈریشن کے مطابق زخمی ہونے والا پولیس افسر بھی بعد میں مارے جانے والے حملہ آور کے ہاتھوں زخمی ہوا تھا۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے گلاسگو میں اس خونریزی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے جنوبی انگلینڈ کے شہر رَیڈنگ میں بھی چاقو سے مسلح ایک شخص نے ایک پارک میں چند افراد کے ایک گروپ پر حملہ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے میں بھی حملہ آور پولیس کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے کہا تھا کہ وہ اس حملے کی ایک دہشت گردانہ کارروائی کے طور پر تفتیش کر رہی تھی۔