برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسس کیمبل جماعت اسلامی کے رہنمائوں سے ملاقات

کراچی(جی پی آئی)برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسس کیمبل نے دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نورحق کا دورہ کیا اور امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معرا ج الہدی صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور’پیش آمدہ انتخابات’ ملک بالخصوص کراچی میں امن وامان کی صورتحال جماعت اسلامی کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو’ کراچی کے امیر محمد حسین محنتی’ سیکریٹری نسیم صدیقی’ نائب امیرراجہ عارف سلطان’ امور خارجہ کے نگراں مظفر احمد ہاشمی’ سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے فرانسس کیمبل کی ادارہ نورحق آمد پر ان کا خیر مقدم کیا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسس کیمبل نے کہاکہ ہم نے ملاقات میں آنے والے انتخابات’ باہمی دلچسپی کے امور’ امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے’ میں اس سے قبل تین مرتبہ ادارہ نورحق آچکا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور حکومت برطانیہ بھی پاکستان میں سیاسی اورجمہوری استحکام چاہتی ہے۔ ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی نے کہاکہ پاکستان میں آزادانہ ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کیلئے ہم جمہوری عمل آگے بڑھانا چاہتے ہیں’ بین الاقوامی اداروں کوبھی چاہیے کہ پاکستان میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنا کردار اداکرے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پورے ملک بالخصوص کراچی میں بدامنی اپنے عروج پر ہے’خطے کوامن کا گہوارہ بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئین اور قانون کے مطابق حکومت چلا کر ہی امن قائم کیا جاسکتاہے۔حکومت سے متحدہ کی علیحدگی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ ڈیل کا حصہ ہے متحدہ اور پیپلزپارٹی مختلف کیمونٹیز میں اپنے ووٹ بینک کو برقرار رکھنے کیلئے ملکر یہ سیاسی کھیل کھیل رہی ہیں۔

انہو ںنے کہاکہ آئینی ضرورت یہ ہے کہ آنے والی نگران حکومت سیاسی ڈیل کا نتیجہ نہ ہو’ گورنر سندھ سیاسی شخصیت ہیں ‘ شفاف انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ ان کو انتخابی عمل سے دور رکھا جائے اور پورے ملک کے گورنرز کو ہٹا کرغیر جانبدار گورنرز کا تقرر کیا جائے۔