بجٹ سے عوام کی خوشیاں ماند پڑ گئیں، تحریک انصاف

Samar Ali Khan

Samar Ali Khan

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حالیہ بجٹ میں غریبوں کو ریلیف فراہم نہ کر کے اور امیر زادوں کے معیار کے مطابق بجٹ پیش کر کے ن لیگ کی حکومت نے ثابت کر دیا کہ انہیں عوام کی فلاح و بہبود اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔

اپنے حلقے کے معززین سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بجٹ سے غریب عوام کی خوشیاں ماند پڑ گئیں، وفاقی حکومت کی جانب سے عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پرچون فروشوں پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا دراصل غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ ہندسوں کی ہیرا پھیری کا نام ہے، عوام کو صرف جھوٹی تسلیاں دے کر بہلایا گیا ہے، ن لیگ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے ووٹ حاصل کرنے کے لیے وعدہ کیا تھا کہ عام مزدور کی تنخواہ 15 ہزار کی جائے گی لیکن آج تک ایسا نہ ہوا۔