گولی اور بم کے بجائے مذاکرات سے مسائل کے حل پر قوم خوش ہے، جاوید ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومت میں مذاکرات کا عمل کامیابی سے جاری ہے تمام اسٹیک ہولڈرز مذاکرات میں سنجیدگی دکھائیں مذاکرات میں کچھ وقت بھی لگ سکتا ہے۔

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے والد کی قل خوانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور طالبان کے مذاکرات کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں اور قوم بھی خوشی محسوس کر رہی ہے کہ اب ہم گولی اور بم کی بجائے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر رہے ہیں۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ سب کچھ آئین کے مطابق ہو گا کسی گروہ یا فرقہ کی بالا دستی قبول نہیں کی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پنجاب حکومت کے دل میں چور ہے اسی لئے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے۔

دو روز قبل خانیوال میں حساس ادارے کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ پر انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اس خطہ میں تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ دہشت گرد موجود ہیں خانیوال واقعہ نے اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ جنوبی پنجاب میں بمبار اور بم بنانے والے موجود ہیں۔