قیدیوں کی رہائی، متاثرین کو معاوضہ اور فوج کی واپسی: طالبان کی شرائط

Maulana Sami ul Haq

Maulana Sami ul Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان نے حکومت تک پہنچانے کیلئے اپنی رابطہ کمیٹی کو تین شرائط بتادیں۔ طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق مذاکرات کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔

طالبان کی سیاسی شوریٰ، طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم اور رابطہ کار یوسف شاہ کے درمیان شمالی وزیرستان میں اجلاس آج بھی جاری ہے۔ طالبان نے حکومت تک پہنچانے کے لیے اپنی کمیٹی کو تین شرا ئط بتائی ہیں جن میں قیدیوں کی رہائی، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی اور شورش زدہ علاقوں سے فوج کی واپسی شامل ہے۔

طالبان کی سیاسی شوری اور مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج بھی جاری ہے۔ طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا ماحول خوشگوار ہے اور امکان ہے کہ طالبان رابطہ کمیٹی آج ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس اسلام آباد پہنچ جائے۔

دوسری جانب مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں۔ سمیع الحق کا کہنا ہے کہ جامعہ حقانیہ میں مذاکرات کی کامیابی کیلئے ختم قرآن اور بخاری شریف شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام مسلمان، دینی مدارس ختم قرآن اور بخاری شریف کا اہتمام کریں۔