کاروباری برادری کے اعتراضات رد، پہلی ٹیکس ڈائریکٹری 15 فروری کو جاری کرنے کا اعلان

Tax

Tax

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کی ٹیکس ڈائریکٹری پر بزنس کمیونٹی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ملک کی پہلی ٹیکس ڈائریکٹری 15 فروری کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مقامی ہوٹل میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکس ڈائریکٹری کا اجرا پاکستان میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو میں اضافے کا سبب بنے گا، دنیا میں یہ چرچہ عام ہے کہ پاکستانی اراکین پارلیمنٹ ٹیکس نہیں دیتے، حقیقت یہ ہے کہ بیشتر اراکین پارلیمنٹ لاعلمی کی وجہ سے ٹیکس دینے کے باوجود این ٹی این نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت ٹیکس گزاروں کے نام، این ٹی این نمبر اور ادا کیے گئے ٹیکس کی تفصیل پبلک کرنے کی مجاز ہے، اس معاملے میں پارلیمینٹیرین کو بھی کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی پارلیمنٹیرین کو ٹیکس کے حوالے سے غلط سمجھا جاتا ہے، بیشتر پارلیمنٹیرین لاعلم ہیں، بہت سوں کی ٹیکس کٹوتی سی این آئی سی پر ہورہی ہے تاہم اب حکومت نے ایف بی آر کو تمام پارلیمنٹیرین کے این ٹی این 31 جنوری تک بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔