ضمنی انتخابات میں پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانج بجے تک جاری رہی، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی41 نشستوں کے لیے 500 سے زیادہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔پر امن اور شفاف انتخابات یقینی بنانے کے لیے 6 ہزار 782 پولنگ اسٹیشنز پر 50 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

بیشتر حلقوں میں فوج کی تعیناتی کے باعث امن و امان کی صورتحال بھی بہتر رہی۔ بعض اسٹیشنز پر پولنگ کے عمل میں تاخیر اور کہیں عملہ تاخیر سے پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم باقی حلقوں میں یہ عمل تسلی بخش رہا اور لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے نظر آئے۔

ان انتخابات میں امن وامان کی صورتحال مجموعی طور پر اطمینان بخش رہی، حساس اور انتہائی حسا س پولنگ اسٹیشنوں کے اندراور باہرفوج کی تعیناتی کے باعث کسی ناخوشگوار واقعات کی اطلاع نہیں ملی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج مرکز اور صوبوں میں حکومتوں پر اثر انداز تو نہیں ہوں گے، لیکن اس سے گزشتہ چند ماہ کے دوران حکومتوں کی کارکردگی سے متعلق عوامی رائے کا کسی حد تک اظہار ضرور ہو جائے گا۔