کابینہ کمیٹی برائے قومی سلامتی کا سیکریٹریٹ وزیر اعظم آفس میں قائم

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) کابینہ کمیٹی برائے قومی سلامتی کا سیکریٹریٹ وزیر اعظم آفس میں قائم کر دیا گیا ہے جس کے زیر انتظام قومی سلامتی پر سرکاری تھنک ٹینک بھی قائم کیا جائے گا۔ مشیر خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری کے استفسار پر تصدیق کی ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا سیکریٹریٹ وزیر اعظم آفس میں قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سیکریٹریٹ کے تحت ملکی دفاع اور سلامتی سے متعلق تھنک ٹینک بھی قائم کیا جائے گا۔ تھنک ٹینک کے سربراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہوں گے اور اس میں مسلح افواج سمیت قومی سلامتی کے اداروں کے حکام اور ماہرین بھی شامل ہوں گے۔

مشیر خارجہ کے مطابق تھنک ٹینک دفاع اور خارجہ سمیت اہم قومی امور پر پالیسی سازی کی تشکیل میں مدد دے گا اور اپنی سفارشات قومی سلامتی کمیٹی کو پیش کرے گا۔ کابینہ کمیٹی برائے قومی سلامتی کے سربراہ وزیر اعظم ہیں جبکہ دفاع، خارجہ، داخلہ، خزانہ کے وفاقی وزرا رکن ہیں۔ اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔