ن لیگ کے امیداوار رانا جمیل حسن کو الیکشن لڑنے کی اجازت

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد(جیوڈیسک)سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے ننکانہ صاحب سے (ن) لیگ کے امیداوار صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ رانا جمیل حسن نے لاہور ہائیکورٹ کی طرف الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

جسٹس تصدق جیلانی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت رانا جمیل کے وکیل اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان کے موکل نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سے پہلے واجب الادا رقم جمع کرا دی تھی۔

کاغذات کی منظوری سے پہلے ادائیگی پر امیدوار نادہندہ نہیں رہتا۔ عدالت نے رانا جمیل کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے قانونی نکات کی تشریح کیلئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالتی حکم کی نقل عملدرآمد کیلئے الیکشن کمیشن کو بھی بھجوا دی گئی۔