نگران حکومت کے آتے ہی افسران بے لگام ہو گئے

گجرات (ضیاء سید سے) نگران حکومت کے آتے ہی افسران بے لگام ہو گئے ، خوشی کی انتہا نہ رہی ، تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے بعد صوبائی حکومت کی تبدیلی کے فوراً بعد ہی سرکاری افسران اور ملازمین نے نہ صرف خوشی کا اظہار کیا ہے بلکہ راشی افسران کی چاندی ہو گئی ہے ، اور سرکاری افسران و ملازمین نے مختلف حیلے بہانوں سے عوام کو بلا وجہ پریشان کرنا شروع کر دیا ہے۔

افسران و ملازمین کا کہنا ہے کہ پانچ سال تک سیاسی مداخلت کی وجہ سے جو کام نہیں کر سکے وہ کرنے کا وقت آ گیا ہے اور اب کسی کی بھی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اب میرٹ کا وقت ہے اب ہماری مرضی سے میرٹ ہو گا ، سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ تھانہ جات کے ملازمین مختلف چوکوں میں ناکے لگا کر عوام کو تنگ کرنے کے سوا ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔

ٹریفک پولیس کا کام پنجاب پولیس کے جوانوں نے سنبھال لیا ہے اور چوروں ڈکیتیوں کو کھلی چھٹی دے دی ہے ، جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کی کاروائیاں محدود ہو گئی ہیں ، اور پولیس ملازمین بھی بلا وجہ شریف شہریوں کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنا رہے ہیں ، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی پولیس راج نظر آ رہا ہے ، پولیس ملازمین جوڑوں کو پکڑ کر دیہاڑی لگانا ہی فرض سمجھتے ہیں۔

پولیس گردی کے واقعات کو دیکھ کر سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملہ بھی لوٹ مار میں مشغول ہو گیا ہے ، حکومت کی تبدیلی کے بعد تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی لوٹ مار سے عوام سخت پریشان ہو گئے ہیں کہ سب سے بڑے لیٹروں سے جان چھوٹی ہے تو ملازمین نے انہی مچا دی ہے ، اور عوام کو پانچ سال تک بیوقوف بنانے والے اداروں کے سربراہوں کی عوامی خدمت کے پول کھلنے شروع ہو گئے ہیں ، لگتا ہے کہ ملک میں ڈاکو راج نافذ ہو گیا ہے۔